سریے کی قیمت میں 50ہزار روپے سے زائد کمی ہو گئی، ملک کی مقامی مارکیٹس میں 3 لاکھ 5 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے والی فی ٹن سریے کی قیمت ڈھائی لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں نمایاں اضافے کی وجہ سے ملک میں سریے کی قیمتیں بھی کریش کر گئیں۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈالر سستا ہونے کی وجہ سے تعمیراتی سریا کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ تعمیراتی انڈسٹری سے وابستہ تاجروں کے مطابق فی ٹن سریے کی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار سے کم ہوکر 2 لاکھ 45 ہزار روپے ہوگئی۔ اس وقت مارکیٹ میں لوکل سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 45 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ برانڈڈ سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 63 ہزار سے 2 لاکھ 65 ہزار تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملکی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بھی سریا اور دیگر اشیاء مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف قرض کی جلد موصولی کے امکانات اور بڑی بیرونی سرمایہ کاری کی آمد کی امید کی وجہ سے پاکستانی روپیہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی روپے کی مسلسل بہتری کی وجہ سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 4 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔